کنداپور30/مئی (ایس او نیوز) یہاں بیلور دیہات میں واقع ایک جھیل سے ایک ماں اور اُس کی دو بیٹیوں کی لاش برآمد ہوئی ہے جن کے تعلق سے سمجھا جارہا ہے کہ یہ تینوں دھان کی بوریاں نکالنے کی دوران جھیل میں گر کر ہلاک ہوئی ہیں۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کسان سریندر شٹی کی بیوی بھارتی شٹی اور اس کی دو بیٹیاں پیرتھوی شٹی (21) اور پرجنا شٹی (17) دھان کی بوریاں جھیل میں بھگونے کے لئے چھوڑنے کے بعد اُن بوریوں کو واپس لانے قریب پانچ بجے جھیل کے پاس گئیں تھیں۔ چونکہ ساحلی علاقوں میں کل سے بارش ہورہی ہے، آج بھی بارش ہونے کی وجہ سے پورا علاقہ جل تھل میں تبدیل ہوچکا ہے، اور جھیل میں پانی کا کھینچائو بھی زیاد ہے۔ جھیل کا پانی مٹی سے مل کر لال ہونے سے جھیل کے باہر کا حصہ اور جھیل کا حصہ بھی گڈمڈ ہوگیا ہے،سمجھا جارہا ہے کہ غالباً دھان کی بوریاں اُٹھانے کے دوران بھارتی شٹی کا پائو ں پھسل گیا ہوگا اور وہ جھیل میں گر گئی ہوگی۔ اس کو دیکھتے ہوئے پہلے ایک لڑکی، پھر دوسری لڑکی اُس کو بچانے کے لئے جھیل میں اُتری ہوں گی، جس کے نتیجے میں تینوں ڈوب کر ہلاک ہوگئیں۔ بتایا گیا ہے کہ تینوں کو تیرنا نہیں آتا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ شام قریب سات بجے بھارتی شٹی کا چھوٹا بھائی اُمیش جب گھر پہنچا تو گھر پر کوئی موجود نہیں تھا، اُسے انتہائی تعجب ہوا کہ گھر کے لوگ آخر کہاں چلے گئے ہیں، وہ فوراً باہر آکر دیکھنے لگا، جس کے دوران جھیل میں اُسے دھان کی بوریاں نظر آئیں، مزید قریب جاکر دیکھنے سے قریب میں ہی تینوں کی لاشیں تیرتی ہوئی نظر آئیں۔ اُمیش نے فوری مقامی پولس کو واقعے کی خبر دی اور پولس نے موقع پر پہنچ کر فائر بریگیڈ کی مدد سے تینوں لاشوں کو باہر نکالا۔
ذرائع کے مطابق پرتھوی شٹی برہماور ایس ایم ایس کالج میں فائنل ائیر ڈگری کی طالبہ تھی، جبکہ اس کی چھوٹی بہن پرجنا شٹی کنداپور بھنڈارکرس کالج میں ڈگری کی پہلے سال کی طالبہ تھی۔
حادثے کے تعلق سے کوٹا پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔